Tuesday, June 28, 2011

**JP** NEWS 28-6-2011

لوڈشیڈنگ معیشت کیخلاف سازش ہے' حکومت KESCکے معاملات درست کرے' آل پارٹیز کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر غفور احمد نے کہا ہے کہ کراچی ملک کو 70 فیصد ریونیو ادا کرتا ہے' پاکستان کی معیشت میں اس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت کے ای ایس سی کے معاملات کو ٹھیک کرے ' برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے اورجنہوں نے برطرفی کے احکامات جاری کیے تھے انہیں معطل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت " عوام پر کے ای ایس سی کے مظالم' اوور بلنگ 'لوڈ شیڈنگ اور ملازمین کی چھانٹی "کے عنوان کے تحت منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی' نائب امیربرجیس احمد ' مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی' جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اسلم غوری' جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر صدیق راٹھور' نیشنل پیپلزپارٹی کے سید ضیا عباس ' کے ای ایس سی لیبر یونین کے صدر عثمان بلوچ' کے ای ایس سی لیبر یونین کے وائس چیئرمین عبدالواحد کاظمی' تحریک انصاف کے اسلم راجپوت' عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان ' سنی تحریک کے مطلوب اعوان'پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے مخدوم احمد شاہ'جماعت الدعوةکے پروفیسرمحمود الحسن 'پختونخواعوامی ملی پارٹی کے باچا گل اوردیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے اسسٹنٹ سیکرٹری مسلم پرویز نے ایک قراردادبھی پیش کی ۔ پروفیسرغفور احمد نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ کراچی کے مسائل مقامی نہیں بلکہ یہاں کا مسئلہ پورے ملک کامسئلہ ہے کیونکہ کراچی وفاق اورصوبے کو وسائل فراہم کرتا ہے۔ معیشت کی بحالی میں کراچی کا اہم کردار ہے' اس شہر کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے کہاکہ کے ای ایس سی کی نااہل انتظامیہ اپنی نااہلی کی سزا کراچی کے شہریوں کو نہ دے' لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے اورکوئی ان کا پرسان حال نہیں۔محمد حسین محنتی نے اپنے خطاب میں کہاکہ کے ای ایس سی یوٹیلٹی کمپنی ہے مگر اس کمپنی کو حکومت نے ایک سازش کے تحت پرائیویٹائز کردیا۔ نجکاری کے بعد اس ادارے کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے' جب اس ادارے کی نجکاری کی جارہی تھی اس وقت ہم نے اسمبلی میں اس کیخلاف آواز بلند کی تھی ۔ انہوںنے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ انتظامیہ نے ساڑھے 4 ہزار ملازمین کوبرطرف کر کے صورتحال مزید خراب کردی ہے ۔ اوور بلنگ اور ایوریج بلنگ نے بھی شہریوں کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے ایک نئے بحران نے جنم لیا ہے ۔حکمران آخر شہریوں کو کس جرم کی سزا دے رہے ہیں۔نہال ہاشمی نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کراچی کی معیشت کے خلاف سازش ہے' کے ای ایس سی کی نجکاری کے فیصلے پرنظر ثانی کی ضرورت ہے ۔اسلم غوری نے کہاکہ ملک میں ایشوز کی سیاست کی جارہی ہے' کراچی جیسے عالمی شہر کے شہریوںکو بجلی نہ ملنا ایک گہری سازش ہے 'کراچی تحریکوں کا ہر اول دستہ رہا ہے ' جان بوجھ کر اس شہر کو مفلوج کیا جارہا ہے ۔ حکمران اور کے ای ایس سی ملے ہوئے ہیں اور یہ مل کر عوام کا استحصال کررہے ہیں ۔ ہمیں مل کر یہ اپیل کرنی چاہیے کہ عوام بل ادا کرنا بند کردیں۔ڈاکٹر صدیق راٹھور نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ موجودہ حکمرانوں کا کارنامہ ہے۔ کراچی کی صنعتیں بنگلہ دیش اور ملائیشیا منتقل ہورہی ہیں ۔سید ضیا عباس نے کہاکہ پاکستان کی سلامتی کیلئے کے ای ایس سی طالبان اور القاعدہ سے زیادہ خطرناک ہے کیونکہ بدحال ملک اپنی سلامتی برقرار نہیں رکھ سکتا ۔اسلم راجپوت نے کہاکہ کراچی میں اپنے حق کا دعویٰ کرنے والوں نے کراچی کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے ۔ عثمان بلوچ نے کہاکہ کے ای ایس سی کے ملازمین کام کیلئے تیار ہیں مگر ساڑھے 4 ہزار ملازمین کو سرپلس پلول میں رکھ کر ان کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔محفوظ یار خان نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے ' لوڈ شیڈنگ اورنجکاری کے خلاف عدالتی کمیشن بنانے کی ضرورت ہے۔باچا گل نے کہاکہ دیگر اداروں کی طرح کے ای ایس سی کو بھی پرائیویٹائز کر کے تباہ وبرباد کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیںآل پارٹیز کانفرنس میں منظور کی جانے والی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ جاں بحق ہونے والے کے ای ایس سی کے ملازمین کی ایف آئی آر تابش گوہر کے خلاف کاٹی جائے۔کے ای ایس سی اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کو عام کیا جائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ کے ای ایس سی کی نجکاری کے وقت قوم کویقین دہانی کروائی گئی تھی کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا مگر اب صورت حال یہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہورہا ہے اور نرخوں میں بھی پے درپے اضافہ کیا جارہا ہے۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے نجکاری کے وقت بڑھ چڑھ کاحصہ لیاتھا مگر اب جب کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے معمولات زندگی اورکاروباری و تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں متحدہ صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہی ہے ۔ آج شہر میں لوڈ شیڈنگ کی جو صورتحال ہے ا س ذمہ داری سے حکمران اور اس کے اتحادی بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔


کراچی کے صارفین بجلی بلوں پر 4.20 روپے فی یونٹ اضافی اداکرینگے

اسلام آباد (آئی این پی)نیپرا نے اپنا زیر التواءفیول ایڈجسٹمنٹ صارفین پر منتقل کرنے کا شیڈول جاری کر دیا 'کراچی کے صارفین کو 4روپے 40 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔پیر کو نیپرا کی طرف سے اپنے زیر التواءفیول ایڈجسٹمنٹ کو صارفین پر منتقل کرنے کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال سندھ ہائی کورٹ نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو حکم امتناعی کے ذریعے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ صارفین پر منتقل کرنے سے منع کیا تھاجبکہ نیپرا گزشتہ ایک سال کے دوران فیول ایڈجسٹمنٹ کو صارفین پر منتقل کرنے کی منظوری دیتا رہا ہے جس پر عدالتی حکم کی وجہ سے عملدرآمد نہیں ہوا تھا ۔ نیپرا نے کہا ہے کہ 8جون کو سندھ ہائی کورٹ نے اپناحکم امتناعی نمٹا دیا تھا جس کے بعد نیپرا 13 ماہ کا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ شیڈول جاری کر رہا ہے۔شیڈول کے مطابق پہلے 5 ماہ کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے صارفین 4کوروپے 40 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے اس کے ساتھ 8 ماہ کے ایڈجسٹمنٹ کیلئے صارفین کو 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ ریلیف ملے گا۔شیڈول کے مطابق اپریل تا ستمبر 2010ءکی ایڈجسٹمنٹ جولائی 2011ءکے بلوں میں 'اکتوبر 'نومبر 2010ءکے ایڈجسٹمنٹ اگست 2011ئ'دسمبر 2010ءکی ایڈجسٹمنٹ ستمبر 2011ءاور فروری 2010ءکی ایڈجسٹمنٹ اکتوبر اور نومبر 2011ءمیں کی جائے گی۔



ملک بھر میں بجلی کا بحران' دفاتر پر مشتعل افراد کے حملے' عملہ محصور

بورے والا/لاہور(آن لائن) ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا' مشتعل افراد اکا شدید احتجاج' دفاتر پر حملے' عملہ اور افسران دفاتر میں محصور ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق 20سے زائد گھنٹے کی بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے خلاف سیکڑوں افراد کا ٹائر جلا کر ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نے 3 برسوں میں بجلی' گیس اور پیٹرولیم کی منصوعات کی مد میں ریلیف دینے کے بجائے بجلی 'گیس کی لوڈشیڈنگ اور ان کی قیمتوں میں اضافے کے بم گرائے ہیں' مرکزی حکومت اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی اور لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکتی تو اقتدار سے الگ ہو جائے۔مشتعل مظاہرین نے میپکو کمپلکس پر دھاوا بول کر مین گیٹ توڑنے کی کوشش کی اور دفاتر پر پتھراو کیا جس کے باعث میپکو عملہ اور افسران دفاترمیں محصور ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے بلوں کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔ مظاہرین کے شدید احتجاج پر ایکسئین میپکو ڈویژن ملک اشفاق نے اووربلنگ کے ذمہ دار میپکو اہلکار معطل کرکے نئے بل جاری کرنے کا حکم دیا۔ دوسری جانب پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو) کے 500 کے وی ڈبل سرکٹ حبکو' جامشورو کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر جانے سے بجلی کے شارٹ فال میں مزید 1200 میگا واٹ اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 5645 میگا واٹ ہو گیا ۔ پیپکو ترجمان کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی پیداوار 13669 میگا واٹ اور بجلی کی طلب 18114 میگا واٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ کے ای ایس سی کو 740 میگا واٹ بجلی فراہم کی گئی، ترجمان کے مطابق پیپکو کو ہائیڈل پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 4712 میگا واٹ، تھرمل 2025 میگا واٹ' آئی پی پیز 6821 میگا واٹ اور آر پی پیز سے 111 میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔

بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے ایران کی پھر پیشکش

تہران (آن لائن) ایران نے پاکستان کو توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے مزید بجلی فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر توانائی ماجد غمجو سے یہاں پاکستان کے وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل عاصم حسین نے ملاقات کی ملاقات کے دوران ایرانی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اضافی بجلی فراہم کرسکتا ہے اور ہم آئندہ 3 برس تک پاکستان کو بجلی کی فراہمی ایک ہزار میگا واٹ تک بڑھا سکتے ہیں جس کے لیے ایران نئے گرڈ اسٹیشن قائم کر رہا ہے ۔



متحدہ کے استعفے بلیک میلنگ کی سیاست ہیں'ترجمان جماعت اسلامی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے گورنر سندھ کے استعفے اور قومی وصوبائی اسمبلی حکومتوں سے متحدہ قومی موومنٹ کی علیحدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے متحدہ کی پرانی سیاسی شعبہ بازی قرار دیااورکہاکہ آزادکشمیر کے انتخابات میں سیٹوں کی بندربانٹ میں اپنا حصہ نہ ملنے پر حکومت سے علیحدگی اختیار کر کے متحدہ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ سیاست میں موقع اورمفاد پرستی ہی اس کا اصول ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ ملک میںبڑے بڑے سانحات رونما ہوئے ' بلوچستان آپریشن ابھی تک جاری ہے' کراچی میںٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے ' مہنگائی نے غریب عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیے جبکہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے آج پورا شہر سراپا احتجاج بنا ہوا ہے مگر متحدہ نے کبھی بھی ان عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت سے نکلنے کی دھمکی نہیں دی مگر جب بھی متحدہ کے سیاسی مفادات پر ضرب لگی متحدہ نے حکومت سے نکلنے کی دھمکی دی ۔ ترجمان نے متحدہ کے استعفے کو نیک شگون قرر دیا اورکہاکہ گورنر سندھ کے استعفے سے شہر میں امن وامان بحال ہوگا۔ متحدہ کے استعفے خس کم جہاں پاک ثابت ہوں گے۔ ترجمان نے کہاکہ چند سیٹوں کے نہ ملنے پر استعفے پیش کر کے متحدہ نے بھی بلی کو تھیلے سے باہر نکال دیا ہے ۔ متحدہ نے اگر اپنے فیصلے کی سیاہی خشک ہونے سے قبل استعفے واپس نہ لیے تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا کیونکہ وسیع تر قومی مفاد کی آڑ میں 24 گھنٹوں میں حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے کر ذاتی مفاد میں 12 گھنٹوں میں دھمکی واپس لینا متحدہ کا پرانا وتیرہ ہے ۔




جماعت اسلامی کی دعوت نسلی وگروہی تعصبات سے پاک ہے'معراج الہدیٰ

کراچی(وقائع نگار)جماعت اسلامی ملک کی واحد نظریاتی جماعت ہے جس کی 63سالہ تاریخ ملک میں لادینیت کے خلاف اور اقامت دین کی جدوجہد میں لوگوں کو دعوت دیتے ہوئے گزری ہے۔ جماعت اسلامی لوگوں کو اللہ کی طرف بلاتی ہے اور چاہتی ہے کہ انسان اپنی عملی زندگیوں میں بھی اللہ کے دین کو نافذ کریں۔ جماعت اسلامی کی دعوت تمام نسلی وگروہی تعصبات سے پاک ہے۔ ان خیالات کااظہار نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے جماعت اسلامی زون ناظم آباد کے زیر اہتمام مقامی ہال میں منعقدہ اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سید محمد اقبال اور امیر زون ناظم آباد ندیم قریشی نے بھی خطاب کیا۔معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد کسی فرد کی رضا یا دنیاوی آسائشوں کا حصول نہیں بلکہ صرف اللہ کی رضا کی خاطر ہم انسانوں کو اس کے رب سے جڑجانے کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ وہی دعوت ہے جو کہ انبیاءعلیہ السلام نے پیش کی اور خود نبی اکرم نے ہم سب کو اس دعوت کے فروغ کی ذمہ داری دی ہے۔ اجتماع عام سے سورة المومنون کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سید محمد اقبال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی نمازوں میں خشوع اور اس کی حفاظت کرنے والوں ، لغویات سے پرہیز کرنے والوں ، زکوة دینے اور شرم گاہوں کی حفاظت کرنے والے مومنین کے لیے جنت کی بشارت دی ہے جو کہ انہیں وراثت میں ملے گی جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔ اجتماع میں جماعت اسلامی زون ناظم آباد کے کارکنان وذمہ داران کے علاوہ مقامی افراد اور اہل محلہ بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔



سرکاری سرپرستی میں فحش پروگرامات کا نوٹس لیا جائی،جماعت اسلامی

کراچی(وقائع نگار) جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی' لئیق خان ' نصراللہ خان شجیع ' حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اور یونس بارائی نے کراچی کے پوش علاقوں میں پولیس کی سرپرستی میں اخلاق باختہ رقص و سرور اور شباب وشراب کی محفلوں کے انعقاد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ریاست میں برائی اور فحاشی کے اڈے اور ڈانس پارٹیاں قہر خداوندی کا موجب بنیں گی۔ سرکاری سرپرستی اور پولیس تعاون کے بغیر اس قسم کے پروگرامات کا انعقاد ممکن نہیں ۔ اعلی حکام اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اس کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں سابق اراکین سمبلی جماعت اسلامی نے کہاکہ ڈیفنس 'کلفٹن سمیت شہر کے پوش علاقوں میں ناچ گانے کی تقاریب کا منعقد ہونا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے کیونکہ قرآن و حدیث میں صراحت کے ساتھ اس قسم کی سرگرمیوں کی ممانعت کی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ قرآن و حدیث اور آئین پاکستان سے متصادم پروگرامات اور سرگرمیوں کو سرکاری سرپرستی اور پولیس کا بھرپور تعاون حاصل ہے' ڈیفنس میں پیش آنے والے واقعے نے پولیس انتظامیہ کے ملوث ہونے کابھانڈا پھوڑ دیا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عریانی و فحاشی اورناچ گانوں کی محفلوں کے بجائے دروس قرآن اور دورد و سلام کی بابرکت محافل کا انعقاد عام کیا جائے تاکہ ہم اللہ کی رحمتوں کے مستحق بن سکیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر اس قسم کی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ایسے پروگرامات کے آرگنائزرز و دیگر کرتا دھرتاوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ نیز آئندہ اس قسم کے پروگرامات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔


حکمراں اتحادی بھتہ اور لینڈ مافیا کو صنعت کا درجہ دینے میں مصروف ہیں'اسامہ رضی

کراچی(وقائع نگار)حکمراں اتحادی جماعتیں عوام کے مسائل کے حل کے بجائے بھتہ خوری اور لینڈ مافیا کو صنعت کا درجہ دینے میں مصروف ہیں۔ شہری کراچی میں بے روزگاری اور بدامنی کے خاتمے اور ملک کی خوشحالی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کااظہار جماعت اسلامی شرقی کے امیر اسامہ رضی نے مغل پورہ میں جماعت اسلامی شاہ فیصل کے کارکنان سے خطاب میں کیا۔ اسامہ رضی نے کہا کہ قوم اپنے گرد امریکی ایجنٹوں کو پہنچان لیںجو عوام میں انتشار اور بدامنی کی کاروائیوں کے ذریعے ایک اور سقوط ڈھاکہ کی مذموم کہانی دہرا کرخطے میں بھارت کی بالادستی چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ سمیت عوام پر غربت کا عذاب مسلط کیاہوا ہے۔ خالد سعید نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی قوم کو مسائل سے نجات دلائے گی۔




--
You received this message because you are subscribed to the Google
Groups "JoinPakistan" group.
You all are invited to come and share your information with other group members.
To post to this group, send email to joinpakistan@googlegroups.com
For more options, visit this group at
http://groups.google.com.pk/group/joinpakistan?hl=en?hl=en
You can also visit our blog site : www.joinpakistan.blogspot.com &
on facebook http://www.facebook.com/pages/Join-Pakistan/125610937483197

No comments:

Post a Comment